ٹھیکریوالا :راجباہ نصرانہ کی ماہانہ بندش پر کسان سراپا احتجاج
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا )راجباہ نصرانہ کی ہرماہ بعد آٹھ روز کیلئے بندش پر ملحقہ علاقوں کے کسان پانی کمی پر سراپا احتجاج بن گئے ،پانی کی کمی سے فصلیں تباہ،اصلاح احوال کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق نہر جھنگ برانچ کی شاخ راجباہ نصرانہ سے ملحقہ زرعی رقبہ کاشت کرنے والے کسانوں اور کاشتکاروں نے گزشتہ روز بند نہر کے اندر کھڑے ہو کر احتجاج کیا ،مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے جبکہ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر ماہ آٹھ روز کیلئے راجباہ نصرانہ کو بند کردیا جاتا ہے جس سے فصلیں تباہ ہورہی ہیں ،نہر کی بغیر شیڈول بندش سے اکثر فصلیں پانی سے محروم رہ جاتی ہیں ،محکمہ انہار نے فی ایکڑ رقبہ کیلئے نہری پانی کا معاملہ بھی بڑھا دیا ہے ،بھل صفائی کے نام پر ہر سال اکیس روز کیلئے نہر کی سالانہ وارہ بندی تو کردی جاتی ہے مگر گزشتہ کئی سال سے نہر کی صفائی بھی نہیں کی جارہی جس سے پانی کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے اور ٹیلوں پر پانی بھی پورا نہیں پہنچ پارہا،جس سے بڑے پیمانے پر کماد،مکئی،چارا اور سبزیوں سمیت دیگر موسمی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں ،کسانوں اور کاشتکاروں نے محکمہ انہار کے اعلی افسران سے راجباہ نصرانہ کی ہرماہ بغیر شیڈول بندش کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔