محکمہ ہیلتھ کا انوکھا کام، ایک افسر 3 اداروں کا نگران، سروس متاثر ، سینئر ڈاکٹرز میں تشویش

 محکمہ ہیلتھ کا انوکھا کام، ایک افسر 3 اداروں کا نگران،  سروس متاثر ، سینئر ڈاکٹرز میں تشویش

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے ایک ہی سرکاری افسر پر نوازشات کی حد کردی۔

ڈی ڈی ایچ او چک جھمرہ کو ٹی ایچ کیو جھمرہ کے اضافی چارج کے بعد کھرڑیانوالہ ہسپتال کا بھی اضافی چارج سونپ دیا گیا۔ سینئر ڈاکٹرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔محکمہ صحت فیصل آباد میں من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ ترین معاملے میں پہلے سے بطور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چک جھمرہ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال جھمرہ کا چارج سنبھالنے والے ڈاکٹر خاور شوکت کو اب 60 بیڈز پر مشتمل کھرڑیانوالہ ہسپتال کا تیسرا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے ۔تینوں اداروں کے درمیان طویل مسافت ہے اور بیک وقت مؤثر نگرانی ممکن نہیں، جس سے سروس ڈلیوری میں تعطل اور عوامی شکایات میں اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ فیصلے سے درجنوں سینئر اور تجربہ کار ڈاکٹرز کی حق تلفی بھی کی گئی ہے جو برسوں سے تبادلے اور ترقی کے منتظر ہیں۔ حیرت انگیز طور پر چند روز قبل ہی سیکرٹری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال میں ناقص سروس ڈلیوری کی بنیاد پر ایم ایس کو معطل کردیا تھا جس کے بعد کیے جانے والے حالیہ فیصلے پر متعلقہ حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے جن کا کہنا ہے کہ ایک ہی افسر پر نوازشات کی بارش سوالیہ نشان ہے ۔ آؤٹ سورسنگ، ملازمین کی ہڑتالیں، اور آؤٹ ڈور سروسز کی بندش کے تناظر میں یہ فیصلہ صورتحال کو مزید خراب کرنے کا باعث بن سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں