کمشنر مریم خان کا آئندہ ہفتے کھلی کچہریاں شروع کرنے کا اعلان
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر مریم خان کی زیر سرپرستی ڈویژنل انتظامیہ پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری کیلئے متحرک ہوگئی۔کمشنر نے اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے آئندہ ہفتہ سے کھلی کچہریاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے ڈور ٹو ڈور کولیکشن میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ کمشنر مریم خان کی زیر صدارت حکومت پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد بارے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر) ندیم ناصر،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا ،اے سی جی جاوید خان،ڈی جی پی ایچ اے بھی موجود تھے جبکہ جھنگ،چنیوٹ اورٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔کمشنر نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز کو ٹریفک پولیس کیساتھ مل کر ٹریفک مینجمنٹ پلان بنانے کے احکامات بھی صادر کئے ۔مریم خان کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ سوموار سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران100 فیصد ہدف کا حصول یقینی بنایا جائے ۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کام کو خصوصی طور پر مانیٹر کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ بارشوں کی پیش گو ئی کے پیش نظر تمام اضلاع کی انتظامیہ الرٹ رہے ۔اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔کے پی آئیز کے تمام انڈیکیٹرز پر کام ہوتا نظر آنا چاہیے ۔