جی سی یونیورسٹی میں سنٹرل ایشیا ہینڈبال ویمن ٹرافی اختتام پذیر

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جی سی یونیورسٹی میں منعقدہ سنٹرل ایشیا ہینڈبال ویمن ٹرافی اختتام پذیر ہو گئی۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کے تعاون سے منعقدہ سنٹرل ایشیا ہینڈ بال ویمن ٹرافی کے پانچ روزہ میچز اپنے اختتام کو جا پہنچے ۔
ٹورنامنٹ میں ازبکستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان، منگولیا اور پاکستان کی انڈر-17 اور انڈر-19 خواتین کی ہینڈبال ٹیموں نے شاندار صلاحیتوں اور اعلیٰ کھیل کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔ پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو میڈلز اور ٹرافیز دی گئیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راؤفِ اعظم نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ازبکستان کی ٹیم کو وننگ ٹرافی اور میڈلز پہنائے ۔ ٹرافی میں پہلی پوزیشن ازبکستان دوسری پوزیشن ترکمانستان جبکہ تیسری پوزیشن پاکستان نے حاصل کی۔ٹرافی کے آخری میچ میں پاکستان نے تاجکستان کو 13 کے مقابلہ میں 26 گول سے شکست دی۔