سندھ کینال احتجاج :انڈسٹری کو 2 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سندھ کینال احتجاج کے باعث ایکسپورٹ شپمنٹ کے آرڈرز میں دو ہفتوں کی تاخیر کے باعث انڈسٹری کو 2 ارب ڈالر کا نقصان پہنچنے کا اندیشہ سر اٹھانے لگا۔
وفاقی حکومت کے نہریں نکالنے کے منصوبے کو مسترد کرنے کے باجود تاحال راستوں کی بندش برقرار ہونے سے غیر ملکی تیار آرڈرز پر منسوخی کی تلوار لٹکنے لگی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ کینال منصوبے کے پیش نظر جاری احتجاج کے باعث فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری مسائل کے بھنور میں پھنس گئی ۔ صدر چیمبرآف کامرس ریحان نسیم بھراڑہ کا کہنا ہے کہ حالیہ احتجاج کے باعث بیرون ملک شپمنٹ بھجوانے کے لئے دو ہفتے ضائع ہوچکے ہیں جبکہ راستوں کی بندش بعض مقامات پر تاحال برقرار ہے ٹریفک کھلنے کے باوجود سینکڑوں کی تعداد میں پھنسے کنٹینر نکلتے ہوئے مزید وقت ضائع ہوگا ، احتجاج کے باعث آرڈر اور خام مال میں تاخیر سے تقریبا 2 سے 3 ارب ڈالر کا نقصان ہونے کا احتمال ہے ۔ صنعتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاجی صورتحال پر قابو پا کر ذرائع آمدورفت کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انڈسٹری کو درپیش مسائل حل ہوسکیں۔