جڑانوالہ :انتظامیہ کی لاپرواہی، تمام پارک ویرانوں میں تبدیل

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )انتظامیہ کی لاپرواہی، جڑانوالہ شہر کے تمام پارک تباہی و بربادی کی تصویر بن گئے ۔۔
پارکوں میں ہریالی کی بجائے جگہ جگہ دھول اور مٹی، ٹوٹی دیواریں اور جنگلوں کی عدم موجودگی کے باعث پارک غیر محفوظ ۔تفصیلات کے مطابق میونسپل انتظامیہ جڑانوالہ کی لاپروائی کے باعث شہر کے پارک ویرانوں میں تبدیل ہو کر رہ گئے ، یہ سبزہ زار کھنڈر بن چکے ہیں ۔ اس حوالے سے روزنامہ دنیا کے سروے میں مقامی رہائشی محمد اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارک ہماری نسل نو کی تربیت گاہ ہوا کرتے تھے لیکن اب یہاں گھاس تک نہیں اُگتی ، دیواریں گر چکی ہیں، بینچ غائب ہیں اور رات کو روشنی کا بھی کوئی انتظام نہیں۔ایک اور شہری ثناء اﷲنے کہا کہ جنگلے ٹوٹ جانے کی وجہ سے پارک غیر محفوظ ہو کر رہ چکے ہیں اوراس وجہ سے بچے یہاں کھیلنے سے بھی گھبراتے ہیں،میونسپل کمیٹی فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر پارکوں کی بحالی پر توجہ نہیں دے رہی، گزشتہ تین سال سے پارکوں کی صفائی، پودوں کی دیکھ بھال، یا مرمت کا کوئی عمل نظر نہیں آیا، صبح و شام یہاں سیر کرنے والے خاندان اب گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔ ماہرینِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ شہری سبزہ زاروں کے فقدان کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ عوامی حلقوں نے حکام بالا سے فوری طور پر پارکوں کی مرمت، نئے جنگلے لگانے ، اور سبزہ کاری کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔