پیرمحل :سینٹری ورکرز کی بھی فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی
پیرمحل(نمائندہ دنیا )میونسپل کمیٹی پیر محل کے سینٹری ورکرز نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی ، سینٹری ورکرزکے سپر وائزر خالد پرویز کی زیر قیادت نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے بینرز پکڑ رکھے تھے۔
جبکہ انہوں نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعر ے بھی لگائے ۔ اس موقع پر خالد پرویز سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ ہماری فوج ہمارا فخر ہے ، اگر بھارتی حکومت نے وطن عزیز پر جنگ مسلط کی تو وطن کے دفاع کیلئے ہم بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، قوم کا بچہ بچہ اپنی فوج کے شانہ بشانہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتا نظر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں پائیدار امن کو قائم کر نے کا خواہاں رہا ہے مگر بھارتی حکومت ہمیں اقتصادی و معاشی اعتبار سے نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندیوں میں ملوث رہی ہے ، بھارتی حکومت اور اس کی بزدل فوج اپنے ناپاک عزائم سے باز رہے ورنہ ان کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔