پاکستان کی ثالثی میں ایران مذاکرات میں پیشرفت کے امکانات موجود ہیں: مارکو روبیو
سٹاک ہوم: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سویڈن پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے ساتھ جاری سفارتی کوششوں، نیٹو اتحاد اور دیگر بین الاقوامی امور پر اظہار خیال کیا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور معاہدے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے مثبت اشارے ملے ہیں اور پیشرفت کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ دیکھنا ہے کہ آیا ایران کے ساتھ کسی حتمی معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے یا نہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جبکہ امریکا ایران کے ساتھ کامیاب مذاکرات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عہدیدار ایران جا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔
مارکو روبیو نے نیٹو کے حوالے سے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتحاد کے بعض معاملات پر نیٹو سے مایوس ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر امریکی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو صدر ٹرمپ اس کے ازالے کے لیے اقدامات کرنے کے پابند ہوں گے۔
انہوں نے کیوبا کے معاملے پر کہا کہ امریکی انتظامیہ سفارتی حل کو ترجیح دے رہی ہے جبکہ امریکا توانائی کے شعبے میں ریکارڈ پیداوار کی سطح تک پہنچ چکا ہے۔ مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکا ایبولا وائرس کو ملک تک پہنچنے سے روکنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔