انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے کھلاڑیوں کی فٹنس ضروری ہے، مائیک ہیسن
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے کھلاڑیوں کا فٹ اور مضبوط ہونا ضروری ہے۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے این سی اے میں جاری وائٹ بال کیمپ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری وائٹ بال کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس، کنڈیشننگ اور مہارتوں میں بہتری لانا ہے تاکہ انہیں مستقبل کے بڑے مقابلوں کیلئے تیار کیا جا سکے۔
مائیک ہیسن نے بتایا کہ وائٹ بال کیمپ کا آغاز 15 جون کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، جس میں وائٹ بال سپیشلسٹ اور مستقبل کیلئے منتخب کھلاڑی شریک ہیں، کیمپ میں تقریباً 27 سے 28 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی دو ہفتوں کے دوران میڈیکل ٹیسٹنگ اور فٹنس سیسمنٹس پر توجہ دی گئی، جس سے کھلاڑیوں کی موجودہ جسمانی حالت کا جائزہ لینے میں مدد ملی، آئندہ ہفتے سے فٹنس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارتوں پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔
ہیڈ کوچ نے بتایا کہ ٹیم کے پاس تقریباً تین ماہ کا وقت موجود ہے، جس کے دوران کنڈیشننگ اور فٹنس کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے، ڈاکٹر جاوید مغل نے میڈیکل سکریننگ اور کنڈیشننگ کے اعلیٰ معیار مقرر کئے ہیں، جن پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کیلئے ٹریننگ کا شیڈول سخت ضرور ہے، تاہم بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے فٹ اور مضبوط ہونا ناگزیر ہے، ہر کھلاڑی کیلئے انفرادی کارکردگی پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت تکنیکی، ٹیکٹیکل، میڈیکل اور کنڈیشننگ کے شعبوں میں بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کیمپ کا آغاز کھلاڑیوں، ہیڈ کوچ، این سی اے سٹاف، کنڈیشننگ اور میڈیکل ٹیموں کے مشترکہ اجلاس سے ہوتا ہے، جہاں ہر کھلاڑی کیلئے واضح اہداف اور فوکس پوائنٹس طے کئے جاتے ہیں، انڈر 19 ٹیلنٹ کے ساتھ کام کرنا خوش آئند ہے، سمیر منہاس اور فرحان یوسف سے ملاقات ہوئی، علی رضا اور عبدالسبحان کے ساتھ بھی گزشتہ ایک ماہ میں کام کیا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو اس معیار سے روشناس کرانا ضروری ہے جس تک انہیں پہنچنا ہے۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ ایشین گیمز کے سکواڈ پر مؤثر انداز میں کام کرنے کیلئے مناسب وقت دستیاب ہے اور یہ سکواڈ تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ثابت ہو سکتا ہے، آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی بھرپور تیاری ٹیم کی اولین ترجیح ہے۔