جھنگ میں بھی افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان ریلی

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )بھارت کیخلاف آپریشن بُنْیَانٌ مَّرْصُوْصٌ کی کامیابی پر پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے جھنگ کے شہری بھی سڑکوں پر نکل آئے ,انہوں نے قوم کے محافظوں کو سلام پیش کیا۔۔۔
اس موقع پر جھنگ کی فضاء ‘‘پاکستان زندہ باد’’،‘‘پاک فوج زندہ باد’’کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم شہزاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر امتیاز محسن نے ریلی کی قیادت کی جبکہ ریلی میں سرکاری افسران، ملازمین، تاجروں، وکلاء، طلباء ، سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان کی بھرپور شرکت نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ ریلی کے دوران ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ آپریشن \\\\\\\'\\\\\\\'بُنْیَانٌ مَّرْصُوْصٌ\\\\\\\'\\\\\\\'میں دشمن کو دن کی روشنی میں تاریخی جواب دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایک سپاہی نے ارض وطن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے تمام محکمے ہنگامی صورتحال میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،ریلی کے اختتام پر دیگر شرکاء نے بھی افواج پاکستان کے حق میں اظہار خیال کیا اور ملک پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے ہمہ وقت ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم کیا۔