زرعی یونیورسٹی میں 3 روزہ اونٹ، بیل اور بکریوں کا میلہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تین روزہ اونٹ، بیل اور بکریوں کا میلہ شروع ہو گیا جس میں جانوروں کے وزن، دودھ اور خوبصورتی کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
مقابلہ جات میں وزنی بکرا، خوبصورت و تیار بکرا، پیور ٹیڈی بکرا، کراس ٹیڈی بکرا، ہیوی بچھڑا، ہیوی اونٹ، خوبصورت تیار اونٹ، وزنی چھترا، دودھ والی بکریاں شامل ہیں۔ فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور انٹرنیشنل گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ میلے کے مہمان خصوصی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر اقرار احمد خاں تھے ۔ ڈین اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر قمر بلال، چیئرمین انٹرنیشنل گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن چودھری عطا محمد گجر، چودھری محمد اشرف گجر، ڈاکٹر سیف الرحمن و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملک بھر سے کسان اس میلے میں حصہ لے رہے ہیں جس کا مقصد پیداوار میں اضافہ اور غذائی استحکام کو یقینی بنانا ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ میلہ یونیورسٹی کی سالانہ روایت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا ماحول پیدا کرتا ہے جس سے جانوروں کی بہترین نسلوں کی افزائش ممکن ہوتی ہے جو کاشتکاروں کی آمدن بڑھانے اور فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔