الائیڈ ہسپتال ٹو میں اے بی جی ٹیسٹ مشین خراب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ٹو فیصل آباد میں انتہائی اہم اے بی جی (آرٹیریل بلڈ گیس) ٹیسٹ مشین کا خراب رہنا معمول بن گیا ۔۔۔
جس کے باعث ایمرجنسی اور آئی سی یو میں زیرعلاج مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہسپتال کی اکلوتی اے بی جی ٹیسٹ مشین کوتکنیکی خرابی کی بنیاد پربند کرکے مریضوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے جس کے بعد عملہ سکون کرتا ہے اور انجینئر خرابی ڈھونڈنے میں طویل وقت ضائع کردیتے ہیں۔ اے بی جی ٹیسٹ، خاص طور پر سانس کی تکالیف یا وینٹی لیٹر پر موجود مریضوں کے لیے نہایت اہم ہوتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے خون میں آکسیجن، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پی ایچ لیول کا اندازہ لگایا جاتا ہے ۔ مشین کی خرابی کے باعث ڈاکٹرز کو مجبورا ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں سے کروانا پڑ رہا ہے ، جس سے مریضوں کے اہلخانہ پر مالی بوجھ بھی بڑھ جاتا ہے ۔ مریضوں کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ فوری طور پر اے بی جی مشین کو درست حالت میں لائے تاکہ ہنگامی مریضوں کا بروقت اور مؤثر علاج ممکن ہو سکے ۔