حکام کی نااہلی،بس اڈوں کی کینٹینز اور موٹرویز پر گرانفروشی جاری

 حکام کی نااہلی،بس اڈوں کی کینٹینز اور موٹرویز پر گرانفروشی جاری

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور موٹروے پولیس کی غفلت کے باعث بس اڈوں کی کینٹینز اور موٹرویز پر گرانفروشی کا سلسلہ نہ رک سکا۔۔۔

 تمام چیزیں ریٹ لسٹ سے دوگنے دام میں فروخت۔ تفصیلات کے مطابق بس اڈوں پر موجود کینٹینز اور موٹروے ریسٹ ایریاز میں موجود کینٹینز پر ناقص اشیاء مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں، ان کینٹینز کا ٹھیکہ کروڑوں روپے میں کیا جاتا ہے ، انتظامیہ پیسے وصول کرکے ٹھیکیداروں کو مرضی کے دام پر ناقص اشیا ء فروخت کرنے کے لیے کھلی چھوٹ دے دی دیتی ہے ،ہسپتالوں ،بس اڈوں اور ریلوے سٹیشنز کی کینٹینز پر لوکل کمپنیوں کی غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری اشیاء دھڑلے سے فروخت کی جاتی ہیں جبکہ موٹر وے کے بیشتر ریسٹ ایریاز میں 2023 کی ریٹ لسٹیں آویزاں ہیں اور نئی ریٹ لسٹ نہ ہونے کی وجہ سے مرضی کے  دوگنے دام وصول کئے جا رہے ہیں۔ شہریوں کی شکایات کو بھی ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا جاتا ہے ، ضلعی انتظامیہ اور موٹروے پولیس کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور اشیا ء کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے جس کا خمیازہ شہریوں کو گرانفروشی کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے ۔شہریوں نے حکام بالا سے فوری نوٹس لے کر ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں