درخواستگزار فوری اونر شپ حاصل کر سکیں گے :آصف چودھری

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے )کے ڈی جی آصف چودھری نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے نے جائیدادوں کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس کے رئیل ٹائم اجراء میں پنجاب بھر میں سرفہرست ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔۔۔
اب درخواست گزار موقع پر ہی اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ یہ بات انہوں نے اگلے مرحلے کی رہائشی کالونیوں کے درخواست گزاروں میں رئیل ٹائم اجراء سسٹم کے تحت اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ تقسیم کرتے ہوئے بتائی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی سروسز تیز رفتار فراہمی کیلئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں متعدد اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں ،پہلے مرحلے میں چار رہائشی کالونیوں ایف ڈی اے سٹی، سرسید ٹاؤن، عوامی کالونی، گلستان کالونی نمبر1 اور 2 کی پراپرٹیز کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکٹس کے اجراء کے بعد مزید تین رہائشی کالونیوں ناظم آباد، گلشن کالونی اورملت ٹاؤن کے جائیداد مالکان کو یہ سہولت میسر آئے گی جبکہ یکم جولائی2025ء سے بقایا دس رہائشی کالونیوں کی جائیدادیں اس سسٹم میں شامل ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس کے حصول کیلئے اب درخواست گزاروں کو بار بار دفتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے اس سلسلے میں درخواست دھندہ کو بیک وقت تمام شعبوں کی رپورٹس اور آن لائن پے منٹ کے فوری بعد یہ سرٹیفکیٹ جاری ہوجائیگا۔ اگلے اقدامات کے تحت جائیداد مالکان آن لائن اپلائی کر کے گھر بیٹھے سرٹیفکیٹس حاصل کر سکیں گے ۔