الائیڈ ہسپتال ون اوپی ڈی ، مریض پرچی بنوانے کیلئے خوار ، عملہ ٹک ٹاک بنانے میں مصروف

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ون کی او پی ڈی میں مریض پرچی بنوانے کیلئے خوار، جبکہ عملہ ٹک ٹاک بنانے میں مصروف رہنے لگا۔ اخلاقی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں معمول بن گئیں۔
ملازمین کے دوران ڈیوٹی غیر ذمہ دارانہ رویئے نے مریضوں کو اذیت میں مبتلا کررکھا ہے ۔ذرائع کے مطابق او پی ڈی میں موجود ساجد ہرل نامی کمپیوٹر آپریٹر کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں وہ ہسپتال کے کمپیوٹر ڈیسک پر ٹانگیں رکھے ، موبائل فون استعمال کرتے دکھائی دے رہا ہے ، جبکہ اس کے سامنے موجود کاؤنٹر پر مریض کھڑے ہو کر پرچی بنوانے کیلئے انتظار کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ عملے کی بے حسی اور غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل مریضوں کے لیے تکلیف دہ صورتِ حال پیدا کر رہا ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ رویہ محض ایک ملازم تک محدود نہیں بلکہ او پی ڈی کے مختلف شعبوں میں تعینات ملازمین دوران ڈیوٹی یا تو اپنے موبائل میں مصروف رہتے ہیں یا پھر وارڈ کے اندر ہی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں لگے رہتے ہیں۔ مریضوں نے شکوہ کیا ہے نہ تو مقررہ وقت پر پرچی بنتی ہے ، نہ ہی عملہ معلومات فراہم کرنے پر آمادہ ہوتا ہے ۔ شہریوں نے محکمہ صحت پنجاب اور ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے غیر ذمہ دار ملازم کیخلاف کارروائی کی جائے اور مریضوں کیساتھ ہمدردانہ رویہ اپنانے کو یقینی بنایا جائے ۔ اس غیر انسانی سلوک کے باعث سرکاری طبی اداروں کی ساکھ مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔