فیصل آباد پولیس کو 2 برس سے سٹیشنری کی قلت کا سامنا

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ضلع بھر کے تھانہ جات، پولیس دفاتر اور مختلف برانچوں میں محکمانہ اور سرکاری امور کی انجام دہی کیلئے استعمال کئے جانے والے کاغذ، پرنٹر، پینسلیں، سیاہی اور دیگر سٹیشنری کے سامان کی قلت کا مسئلہ دو سال بعد بھی ختم نہ ہوسکا۔۔۔
فیصل آباد پولیس کے محکمانہ امور بری طرح سے متاثر، سائلین سے تفتیشی عملے اور دیگر پولیس ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر کاغذ، پینسلز اور دیگر سٹیشنری منگوانے کی آڑ میں پیسے وصول کرنے کے انکشافات بھی سامنے آنے لگے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد پولیس کو گزشتہ تقریبا دو سالوں سے مبینہ طور پر مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ حکام بالا کی جانب سے مبینہ طور پر فنڈز کی بروقت فراہمی نہ کرنے اور مطلوبہ مقدار میں فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے فیصل آباد پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو سالوں سے مالی مسائل کے باعث ضلع بھر کے تھانہ جات، پولیس افسران کے دفاتر اور پولیس کی مختلف برانچوں میں تعینات عملے کو محکمانہ امور کی انجام دہی کیلئے ملنے والے پیپر، پرنٹر، سیاہی، پینسلیں اور دیگر سٹیشنری کے سامان کی قلت کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جس سے مختلف سرکاری امور بھی بری طرح سے متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سٹیشنری کے سامان کی قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر پولیس ملازمین نے اس کو اپنی جیبیں بھرنے کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔ جبکہ مختلف کاموں کے سلسلہ میں تھانہ جات، پولیس دفاتر اور مختلف برانچوں میں آنے والے سائلین کو بھی سٹیشنری کے سامان کی قلت کی وجہ سے ایک سے دوسرے دفتر کے چکر کاٹنے پر مجبور کیا جاتا ہے اور کام کی انجام دہی کے لئے بھی کئی کئی روز انتظار کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ تاہم سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے مطابق محکمانہ امور میں بہتری اور سائلین کو بہتر سروسز کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔