جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے اقدامات تیز:پولیس پوسٹ ایپ کا استعمال

جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے اقدامات تیز:پولیس پوسٹ ایپ کا استعمال

فیصل آباد)عبدالباسط سے (ڈکیتی، چوری، راہزنی، قتل، اقدام قتل، تاوان، بھتہ خوری، منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب ملزم اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات تیز کردیئے گئے ۔

اہم مقامات اور مین شاہراہوں پر ناکہ بندی کرتے ہوئے پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے مشکوک افراد اور ان کے زیر استعمال گاڑیوں کو آن لائن چیک کرتے ہوئے سینکڑوں اشتہاریوں اور جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے کے ساتھ ہزاروں وہیکلز بھی برآمد کرلی گئیں۔ سٹی پولیس آفیسر کی جانب سے کرائم کنٹرول اور جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ کے لئے ناکہ بندی پوائنٹس کو سخت کرنے کے ساتھ پولیس پوسٹ ایپ کے استعمال کو یقینی بنانے کے حوالے سے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ضلع بھر کی مین شاہراہوں، اہم مقامات، پبلک پوائنٹس پر ناکہ بندی اور پٹرولنگ کرتے جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ اور کرائم کنٹرول کرنے کے حوالے سے بہتر اقدامات اٹھائے گئے ۔ پولیس پوسٹ ایپ کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے رواں سال کے پہلے ساڑھے پانچ مہینوں کے دوران پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد اور 7 لاکھ سے زائد وہیکلز کو چیک کیا گیا۔

مختلف کاروائیوں کے دوران وہیکلز کی چیکنگ کرتے ہوئے 2500 سے زائد چوری شدہ، چھینی گئی یا دیگر مطلوب وہیکلز برآمد کی گئیں۔ جبکہ مشکوک افراد کی پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے کوائف کی چیکنگ کے دوران 160 سے زائد اشتہاریوں اور 120 سے زائد عدالتی مفروروں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ماضی میں ناکہ بندی کے دوران مینوئل چیکنگ کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو پر ملی بھگت کرتے ہوئے چھوڑے جانے سے متعلق انکشافات آئے روز سامنے آتے رہتے تھے ۔ جس کے پیش نظر سٹی پولیس آفیسر کی جانب سے ناکہ بندی اور دیگر پولیس کار روائیوں کے دوران پولیس پوسٹ ایپ کے استعمال کو یقینی بنانے کے حوالے سے سخت احکامات جاری کیے گئے ۔صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے جرائم کنٹرول کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کو گرفت میں لانے کیلئے پولیس پوسٹ ایپ کارگر ثابت ہو رہی ہے ۔ جس کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے بہتر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں