ایف ڈی اے کا غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن جاری

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں، تجاوزات اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔۔۔
اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں 2 غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ اسلامیہ پارک سے پختہ تجاوزات کا خاتمہ اور ناجائز تعمیرات پر گلبرگ کالونی اور اسماعیل گرین میں زیر تعمیر عمارات کو سربمہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ و اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں بلڈنگ لاز ودیگر قوانین کی عملداری کوچیک کیا غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش کی جارہی تھی جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے موقع پر دفاتر کو سربمہر کردیا اور ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ بلامنظوری ہاؤسنگ سکیموں کے قیام سے باز رہیں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جا سکتے ہیں۔