ٹوبہ :اے ڈی سی کی زیر صدارت ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس

ٹوبہ :اے ڈی سی کی زیر صدارت ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح کی زیر صدارت منعقد ہوا۔۔۔

جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر قمر عباس وڑائچ ،اے ڈی سوشل سکیورٹی طاہر سلیم ،کمیٹی ممبران میاں عاطف سعید ،بھٹہ مالکان ،مزدور تنظیموں کے نمائندگان نے شر کت کی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر نے کمیٹی کو بتایا کہ ضلع ٹوبہ میں جبری مشقت کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے جو خوش آئند پیش رفت ہے جبکہ سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے بھی ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز کی فراہمی میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت کام کرنے والی نچی کمپنیوں کے ورکرز کے مرحلہ وار سوشل سکیورٹی کارڈ بننے شروع ہو گئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذیشان لبھا مسیح نے مزدور طبقے کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ محنت کشوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ، انہوں نے تمام مالکان کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ کم از کم اجرت کی ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنائیں، اجرتوں میں کمی یا وقت پر ادائیگی نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر نے کمیٹی کو بتایا کہ مزدوروں کو کم اجرت دینے والے پانچ اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور ان کے چالان متعلقہ عدالتوں میں جمع کرا دیئے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں