فائرنگ واقعات ، عدالتوں کے سکیورٹی انتظامات سخت

 فائرنگ واقعات ، عدالتوں کے سکیورٹی انتظامات سخت

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ضلع کچہری میں آئے روز فائرنگ اور لڑائی جھگڑوں کے دوران شہریوں کے زخمی اور قتل ہونے کے واقعات کی روک تھام اور ضلع کچہری میں آنیوالے سائلین، وکلا، ملز موں اور دیگر افراد کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کیلئے پولیس کی جانب سے سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ۔

 ضلع کچہری اور احاطہ سیشن کورٹس کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی تھری لیئر سکیورٹی تعینات کر دی گئی۔ ضلع کچہری اور احاطہ سیشن کورٹس میں کسی بھی قسم کے اسلحے اور دیگر ممنوعہ سامان لے کر داخل ہونے والوں کیخلاف بھی کار روائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔فیصل آباد ضلع کچہری اور احاطہ سیشن کورٹس میں آئے روز لڑائی جھگڑوں اور فائرنگ کے واقعات سامنے آتے رہتے تھے ۔ جس کی وجہ سے سائلین، وکلا اور دیگر شہریوں کی زندگیاں بھی داؤ پر لگی رہتی تھیں۔ ان لڑائی جھگڑوں اور فائرنگ کے دوران متعدد بار مسلح افراد کی جانب سے سابقہ رنجش کی بنا پر زیر حراست ملز موں کو بھی فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارنے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔جس کے پیش نظر سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر اور ایس ایس پی آپریشنز عمارہ شیرازی کی جانب سے ضلع کچہری اور سیشن کورٹس کی سکیورٹی کو سخت اور فول پروف بنانے کیلئے مؤثر اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے احکامات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز عمارہ شیرازی کی جانب سے مختلف اوقات میں سیشن کورٹس اور ضلع کچہری کا وزٹ کرتے ہوئے سکیورٹی کے امور کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔ سیشن کورس اور ضلع کچہری میں داخل ہونے والے تمام افراد کو جامع تلاشی لینے کے بعد داخلے کی اجازت دی جاتی ہے ۔ جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر سے بھی چیکنگ کی جاتی ہے ۔ جبکہ سیشن کورٹس اور ضلع کچہری کے اندر، اطراف اور داخلی خارجی راستوں پر ایلیٹ فورس، ڈولفن اور دیگر فورسز کی چاک و چوبند ٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ تاکہ ہر قسم کی ہونے والی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے ۔سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے شہریوں کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی اور جرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں