سٹی پولیس آفیسر کی اہل تشیع لائسنس داران کیساتھ میٹنگ

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے حوالے سے سٹی پولیس آفیسر کی جانب سے زرعی یونیورسٹی آڈیٹوریم ہال میں اہل تشیع لائسنس داران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی جانب سے زرعی یونیورسٹی آدیٹوریم ہال میں اہل تشیع لائسنس داران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیاگیا، میٹنگ میں ایس ایس پی آپریشنز عمارہ شیرازی، ایس پی اقبال ڈویژن،ایس پی مدینہ ڈویژن ،ایس پی جڑانوالہ،صدر مرکزی امام بارگاہ اورضلع ہذا کے اہل تشیع لائسنس داران نے شرکت کی ۔ سی پی او فیصل آباد کی جانب سے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے دوران بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔جلوسوں کے اوقات کارپر عمل پیرا کیا جانا ضروری ہے اور ان کی مکمل نگرانی کی جائے گی،ہر مجلس اور جلوس میں شرکاء کی کم از کم تین جگہ پر فزیکل چیکنگ کی جائے گی،محرم الحرام میں اشتعال انگیزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سبیل اور لنگر لگانے والوں سے تحریری سرٹیفکیٹس لئے جائیں گے اور لنگرتقسیم کرنے والی گاڑیوں کو سکیورٹی سٹیکر جاری کئے جائیں گے ،جن علماء کی زبان بندی اور ضلع بندی کی گئی ہے ان کی مکمل نگرانی کی جائے گی، اسلحہ کی نمائش پرپابندی ہے لہذا جلوسوں اور مجالس میں پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ زاسلحہ کی نمائش نہیں کریں گے ۔