تنازعات کا حل ، ابلاغی مہارتوں کا فروغ ضروری:مقررین
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بہتر تہذیب، پرامن ماحول اور عوام کے درمیان تنازعات کے حل کے لئے پراثر ابلاغی مہارتوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ دوسروں کے نکتہ نظر اور خرد کے زاویوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین الفاظ کے چناؤ سے دلوں میں گھر کیا جا سکے ۔
ان خیالات کا اظہار مقررین نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ انگریزی و لسانیات کی لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک روزہ ورکشاپ \'\'ابلاغی مہارتوں کی ترقی\'\' میں کیا۔ یہ ورکشاپ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایات پر منعقد کی گئی۔ نشست کی صدارت کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز ڈاکٹر شازیہ رمضان نے کہا کہ موجودہ دور میں جب دنیا ایک گلوبل ولیج بن چکی ہے مؤثر ابلاغ زندگی کے ہر قدم پر کامیابی کی سیڑھی فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کی رائے کو احترام دینا، الفاظ کا چناؤ، اعتماد، موزوں رفتار، ہمدردی، اور فعال سننے جیسی خصوصیات مؤثر ابلاغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ابلاغیات کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوا جائے تو اس سے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تناؤ پر قابو پانے کیساتھ ساتھ پرامن ماحول کی تشکیل ممکن بنائی جا سکتی ہے ۔ ڈاکٹر عاصم عقیل نے کہا کہ مؤثر ابلاغ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کیلئے اہم ہے جس کے ذریعے افراد اپنے خیالات کا اظہار، بزم سخن اور مضبوط تعلقات قائم کر سکتے ہیں۔