ٹائروں کو جلا کرتیل نکالنے ، آلودگی پھیلانے والے یو نٹ آ زاد
فیصل آباد)سٹی رپورٹر)حکومت پنجاب کی جانب سے سخت ترین احکامات جاری کئے جانے کے باوجود بھی گاڑیوں کے پرانے ٹائروں کو جلا کر ان سے تیل نکالنے اور سنگین ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف محکمہ ماحولیات کی جانب سے کاروائیاں عمل میں نہ لائی جاسکیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ٹائر جلا کر تیل نکالنے والے یونٹس علاقہ مکینوں اور دیگر شہریوں کے لئے مسائل کا سبب بننے کے ساتھ بہت سی موذی بیماریوں کے پھیلاؤ کی وجہ بھی بن رہی ہے ۔ ٹائروں سے تیل نکالنے والے یونٹس کے متعلق معلومات ہونے کے باوجود فیلڈ سٹاف اور دیگر افسروں کی جانب سے مبینہ طور پر ان کے خلاف کارروائیاں عمل میں لانے کی بجائے ان سے مختلف طریقوں سے نذرانے اور تحفے تحائف وصول کرتے ہوئے خاموشی اختیار کرنے کو ترجیح دیئے جانے کے انکشافات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ ماہرین صحت کہتے ہیں کہ انڈسٹریز کی انسٹالیشن کے وقت اگر حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں اور انہیں چلانے کیلئے معیاری ایندھن کا استعمال کیا جائے تو ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکتا ہے ۔ لیکن بدقسمتی سے فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کالا اور مضر صحت دھواں چھوڑنے والی انڈسٹریز قائم ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی ممنوع پرانے ٹائروں سے تیل نکالنے والے یونٹس بھی مبینہ طور پر محکمانہ غفلت اور مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے چلائے جانے کے انکشافات سامنے آنے لگے ہیں۔