جھنگ:ریونیو عوامی خدمت سروسز، شہریوں کو ریلیف کی ہدایت
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیتے ہوئے جھنگ میں ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے محکمہ مال سے متعلقہ سائلین کی درخواستوں کی سماعت کی اور موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے فوری ریلیف کی ہدایت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر امتیاز محسن، اسسٹنٹ کمشنر جھنگ، لینڈ ریکارڈ انچارج، تحصیلدار، پٹواری اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسروں کو ہدایت کی کہ درخواستوں پر جلد کارروائی مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کا مقصد شہریوں کو ایک چھت تلے تمام ریونیو سہولیات کی فراہمی ہے ۔ سروسز کی افادیت کے بارے میں شہریوں سے رائے بھی لی گئی، جنہوں نے اسے مثبت اقدام قرار دیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جھنگ سمیت تمام تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری ہے تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف میسر آ سکے ۔