جی سی یو کے سابق وی سی ڈاکٹر آصف اقبال کیلئے تعزیتی ریفرنس
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف اقبال (مرحوم) کی وفات پر ان کی تعلیمی، انتظامی اور فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک باوقار تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر آصف اقبال نے 2003 میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کو پہلے وائس چانسلر کی حیثیت سے جوائن کیا اور 4 سال تک اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں سے ادارے کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔ ان کے دورِ قیادت کو جی سی یونیورسٹی کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت حاصل ہے ۔تعزیتی اجلاس میں مرحوم کے اہلِ خانہ، رفقائے کار، موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم، یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، انتظامی افسروں سمیت مختلف علمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہا ڈاکٹر آصف اقبال نہ صرف ایک تجربہ کار ماہر تعلیم تھے بلکہ ایک وژنری لیڈر بھی تھے ۔