18 اگست سے انسداد پولیو مہم ، سکیورٹی انتظامات کی ہدایت
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے پیشگی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔
جس میں محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم 18 اگست سے شروع ہو رہی ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کے مؤثر انعقاد کے لیے فیلڈ سٹاف کو پیشگی ملٹی پل ٹریننگ کرائی جائے تاکہ ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان عمل میں اتریں اور مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو مائیکرو پلان کی روشنی میں ٹیموں کی تعیناتی، ویکسین کی ترسیل، اور سکیورٹی انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔