دریائے چناب میں سیلابی ریلا، متاثرہ علاقوں میں144 نافذ
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )حالیہ مون سون بارشوں کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے ۔ چنیوٹ کے مقام سے 140193 کیوسک کا سیلابی ریلا گزر گیا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے دریائے چناب سے ملحقہ دیہاتوں میں محفوظ مقامات پر منتقلی کے اعلانات کروائے گئے ، جس کے نتیجے میں زیادہ تر افراد اور ان کے مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کر دئیے گئے ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ٹیموں نے چنیوٹ کے مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دئیے ہیں جو ہنگامی حالات میں امداد فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔سیلاب سے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر خطرناک علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ عوام غیر ضروری طور پر خطرناک علاقوں کا رخ نہ کریں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلیف ٹیموں سے تعاون کریں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے ۔