جڑانوالہ:بارشوں سے نکاسی آب نہ ہونے پر قبریں منہدم
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )حالیہ مون سون بارشوں سے مرکزی قبرستان میں نکاسی آب نہ ہونے سے سینکڑوں قبریں منہدم،بارشی پانی نے تباہی مچادی، قبرستان کی ابترصورتحال،ملحقہ آبادی اور کھالے کا گندہ پانی قبرستان میں داخل ہونے سے متعدد قبروں کے نشانات تک مٹ گئے۔
حالیہ بارشوں سے انتظامیہ کی غفلت ولاپرواہی سے نکاسی آب کا بہتر نظام نہ ہونے سے مرکزی قبرستان سے ملحقہ آبادی، لاری اڈا،فیصل آباد روڈ سے مسیحی قبرستان تک ساتھ بہنے والا کھالے کا سارا بارشی اور گندہ پانی قبرستان میں داخل ہونے سے متعدد قبریں زمین بوس ہوگئیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ قبرستان کی چاردیواری تعمیر کرنے کی بجائے نکاسی آب کا نظام ٹھیک کرنا بہت ضروری ہے مذکورہ جگہوں کا سارا بارشی پانی مسیحی قبرستان اور اس سے ملحقہ قبروں میں داخل ہو جاتا ہے جو کئی روز تک تالاب کامنظر پیش کرتا رہتا ہے جبکہ قبرستان میں کام کرنے والے اپنی مٹی کی ٹرالیاں بھی داخلی و خارجی راستوں میں لگا کر پانی کا بہاؤ بند کر دیتے ہیں۔اہلیان علاقہ وشہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ اورچیف آفیسر بلدیہ سے اپیل کی ہے کہ خدارا اسکا فی الفور سدباب کیا جائے تاکہ انکے پیاروں کی آخری آرام گاہیں محفوظ رہ سکیں۔