کتابوں، کاپیوںکی قیمتوں میں اضافہ ،طلبا، والدین پریشان
کمالیہ (نمائندہ دنیا )کتابوں، کاپیوں اور سٹیشنری آئٹمز کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافے سے طلبا اور والدین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ۔
گرما تعطیلات کے اختتام کے قریب آتے ہی سکولوں کے دوبارہ آغاز سے قبل سٹیشنری شاپس پر خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث بچوں کی سٹیشنری خریدنا مشکل ہو گیا ہے ۔ بچے تعطیلات کے بعد سکول جانے کی تیاری میں مصروف ہیں اور اپنے پسندیدہ کارٹون کرداروں جیسے سپائیڈر مین اور ڈولز والے بیگز، جیومیٹری بکس اور دیگر سامان کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔دکانداروں کے مطابق اس سال کارٹونز پر مبنی بیگز اور سٹیشنری کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے ، مگر مہنگائی کی وجہ سے فروخت متاثر ہو رہی ہے ۔ قیمتیں بڑھنے سے والدین کی قوت خرید کم ہو گئی ہے ۔دکانداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیشنری آئٹمز پر عائد ٹیکسز میں کمی کی جائے تاکہ تعلیمی سال کے آغاز پر والدین کو ریلیف ملے اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔