جھنگ:تحصیل سپورٹس کمپلیکس اٹھارہ ہزاری کا افتتاح کر دیا گیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کھیلوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال نے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کے ہمراہ تحصیل سپورٹس کمپلیکس اٹھارہ ہزاری کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ضلعی افسر، علاقہ مکینوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔سیکرٹری سپورٹس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 170 ملین روپے کی لاگت سے قائم سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ، فٹبال گراؤنڈ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، اوپن جم اور پلے لینڈ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ تحصیل سپورٹس کمپلیکس اٹھارہ ہزاری کا قیام مقامی نوجوانوں کیلئے تحفہ ہے اور یہ ادارہ مقامی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شہریوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب لانے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔