یومِ استحصال کشمیر پر ضلعی انتظامیہ کا سیمینار اور آگاہی واک
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پانچ اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جبر و تسلط کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے فیصل آباد میں یومِ استحصال کشمیر بھرپور قومی جذبے سے منایا گیا۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر نے سیمینار اور ریلی کی قیادت کی۔ سابق ایم این اے اکرم انصاری،سابق ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری خالد پرویز، شیخ اعجاز ، مسلم لیگ (ن)کے رہنما راجہ دانیال، عمر خان ودیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے بھارتی جارحیت، انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے کہا کہ پانچ اگست کا دن نا صرف کشمیری عوام کے حقوق غصب کئے جانے کی علامت ہے بلکہ یہ پاکستان کے عوام کے عزمِ یکجہتی کا دن بھی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب میں کہاکہ پانچ اگست2019ء کے بھارتی اقدامات کے بعد کشمیری عوام کی مشکلات میں اضافہ ضرور ہوا لیکن انکے حوصلے پست نہیں ہوئے ۔ پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آزادی کی اس جدوجہد میں ان کا مکمل ساتھ دے گی۔ اکرم انصاری نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہو رہی ہے اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔سکولوں کے بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلوز پیش کئے جن میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کیا گیا۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔