واسا کے نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر،سٹی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ یہ بھی واضح کیا کہ ڈیفالٹرز کے ذمہ واجب الادا رقوم کی وصولی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے۔
یہ ہدایت انہوں نے ریونیو ریکوری جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈائریکٹر فنانس شہریار حسن، ڈائریکٹرز ریونیو اقبال ملک، عمر افتخار خاں، ڈپٹی ڈائریکٹرز ظفراقبال قادری، فرحان عبدالرؤف بٹ، حافظ معین ، شاہد پاشا، عبدالوہاب بھی موجود تھے ۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ دونوں ڈائریکٹوریٹس اپنی ریکوری میں مزید اضافہ کریں جبکہ ایسے صارفین جن کے ذمہ واجبات الادا رقوم ہیں ان سے بقایا جات وصولی پر فوکس کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو افسر روزانہ فیلڈ وزٹ کو یقینی بنائیں تاکہ فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ بھی کی جا سکے ، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے واجبات اور ماہانہ بلز جمع کروانے والے صارفین کی تعداد میں اضافہ کرنے کی بھی تاکید کی۔ سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں اضافہ سے ہی واسا فیصل آباد کی فنانشنل پوزیشن مستحکم ہو گی جس سے صارفین کو فراہمی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات مہیا کرنا ممکن ہو گا۔