ٹو بہ: 20 برس سے پڑی قیمتی لکڑی کی نیلامی کیلئے اقدامات
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پیام غنی نے ایک اہم اور دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب عملی قدم اٹھاتے ہوئے واٹر ورکس اور دیگر میونسپل مقامات پر گزشتہ 20 برس سے پڑی قیمتی لکڑی کی نیلامی کے۔۔۔
لیے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ لکڑی دو دہائیوں سے بغیر کسی استعمال کے ضائع ہو رہی تھی، جس سے نہ صرف مالی نقصان ہو رہا تھا بلکہ میونسپل مقامات پر جگہ بھی بلاوجہ گھری ہوئی تھی۔ چیف آفیسر کے اس اقدام سے نہ صرف قیمتی سرکاری املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ نیلامی کے ذریعے میونسپل کمیٹی کے ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے ۔انفورسمنٹ انسپکٹر عرفان علی جٹ کی زیر نگرانی مختلف مقامات پر موجود لکڑی کو اکٹھا کر کے اس کی پیمائش اور درجہ بندی کا عمل جاری ہے تاکہ نیلامی کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے ۔ شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں نے پیام غنی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مثبت اور شفاف اقدامات دیگر بلدیاتی اداروں کے لیے بھی قابل تقلید مثال ہیں۔