چنیوٹ:مویشیوں کے انخلا کیلئے مالکان کو 15 دن کا الٹی میٹم
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )میونسپل کمیٹی چنیوٹ نے شہر میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے شہری حدود سے گائے ، بھینس اور دیگر مویشیوں کے انخلا کیلئے مالکان کو 15 یوم کا الٹی میٹم دے دیا۔
اس ضمن میں مویشی رکھنے والے افراد کو باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی واثق عباس ہرل کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت شہری حدود میں مویشی رکھنا ممنوع ہے ۔ مہلت ختم ہونے کے بعد شہر میں نظر آنے والے مویشیوں کو پکڑ کر پونڈنگ پوائنٹس منتقل کر دیا جائے گا اور قانون کے مطابق مالکان پر جرمانے عائد کیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ بڑے جانور پر یومیہ 3 ہزار روپے ، چھوٹے جانور پر ایک ہزار روپے ، بڑے جانور کی خوراک پر 500 روپے اور چھوٹے جانور کی خوراک پر 200 روپے یومیہ چارج کیا جائے گا، جبکہ بڑے جانور کی منتقلی پر ایک ہزار اور چھوٹے جانور کے لیے 500 روپے بطور کرایہ بھی وصول کیا جائے گا۔