’’مالی خواندگی اور انتظامی امور‘‘ کے موضوع پر انٹرایکٹو سیشن
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے بزنس انکوبیشن سینٹر کے زیراہتمام نیوسینٹ ہال میں \\\"مالی خواندگی اور انتظامی امور\\\" کے موضوع پر انٹرایکٹو سیشن منعقد ہوا۔
سیشن وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایت پر ترتیب دیا گیا جس میں ماہرین نے نوجوانوں کو کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر عمران ارشد نے کہا کہ اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے روابط کو فروغ دے کر سائنسی جدت سے معاشی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ ڈین سائنسز ڈاکٹر عامر جمیل نے کہا کہ موجودہ دور میں نئی سوچ اور جدت اپنانا وقت کا تقاضا ہے تاکہ نوجوان روزگار کے متلاشی کی بجائے روزگار فراہم کرنے والے بن سکیں۔ڈائریکٹر بزنس انکوبیشن سینٹر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ طلبہ کو مالی خواندگی سے آراستہ کرنا ضروری ہے ۔ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ذیشان احمد نے اسٹارٹ اپ کلچر کے فروغ اور مالی نظم و نسق کی اہمیت اجاگر کی۔ ڈاکٹر خرم ضیاء نے نوجوانوں کو تخلیقی سوچ کے ساتھ معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا۔