سیاہ دھواں چھوڑتے بھٹے،فضا آلودہ،سموگ کا خطرہ

سیاہ دھواں چھوڑتے بھٹے،فضا آلودہ،سموگ کا خطرہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) محکمہ ماحولیات کی مبینہ غفلت اور ملی بھگت کے باعث فیصل آباد کے بیشتر بھٹے آج بھی زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہو سکے۔

جس سے فضا مزید آلودہ ہونے لگی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات اور محکمہ ماحولیات کو دئیے گئے اختیارات، بجٹ اور نئی گاڑیاں بھی ماحول بہتر بنانے میں ناکام ہو رہی ہیں۔فیصل آباد میں قائم 600 کے قریب بھٹوں میں سے صرف 20 فیصد بھٹے جدید زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو سکے ہیں، جبکہ باقی 80 فیصد بھٹے بدستور سیاہ دھواں چھوڑ رہے ہیں۔ غیر معیاری ایندھن کے استعمال سے اٹھنے والے دھوئیں کے بادل دور سے نمایاں ہوتے ہیں لیکن محکمہ ماحولیات کے افسر دھوئیں بادلوں کو نظر انداز کر کے صرف کاغذی کارروائیوں پر اکتفا کیے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق چند مخصوص بھٹوں پر بلور سسٹم لگا کر فرضی کارروائیاں دکھائی جاتی ہیں، جن کی رپورٹ بنا کر سیکرٹری ماحولیات کو ارسال کر دی جاتی ہے ، جبکہ عملی طور پر کوئی جامع حکمت عملی یا نگرانی موجود نہیں۔ معیاری کوئلہ مہنگا ہونے کے باعث مختلف بھٹوں پر متبادل ناقص ایندھن جلایا جا رہا ہے جس سے فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے سردیوں میں سموگ کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہو گا اور شہریوں کے لیے سانس لینا بھی دشوار ہو جائے گا۔ شہریوں نے ڈویژنل کمشنر اور سیکرٹری ماحولیات سے مطالبہ کیا ہے کہ تھرڈ پارٹی آڈٹ یا سپیشل برانچ کے ذریعے بھٹوں کی اصل صورتحال سامنے لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں