زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اورچینی جامع میں تعاون پر اتفاق
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)سلک روڈ بایو ہیلتھ ایگریکلچرل انڈسٹری الائنس، نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی چین اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے ، تاکہ مشترکہ زرعی چیلنجز سے نمٹا جا سکے ۔
یہ فیصلہ چینی یونیورسٹی کے دو رکنی وفد کی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈینز اور ڈائریکٹرز سے ملاقات میں کیا گیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین پروفیسر ژانگ لیشین نے کی، جبکہ پرنسپل ممبر پروفیسر سن داؤ یانگ بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں ڈین ایگریکلچر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈاکٹر راؤ زاہد عباس، ڈاکٹر عمران ارشد، ڈاکٹر صدام حسین اور دیگر نے یونیورسٹی کی کامیابیوں اور ممکنہ تعاون کے مواقع پر بریفنگ دی۔پروفیسر ژانگ نے کہا کہ نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی چین کی سب سے جامع زرعی یونیورسٹی ہے ، جہاں 36 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ادارہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ 19 اقسام کی گندم، نامیاتی کھادیں اور دیگر منصوبے تیار کر چکا ہے ۔ انہوں نے یو اے ایف کی زرعی ترقی اور کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے ذریعے چینی زبان و ثقافت کی ترویج کو سراہا۔ڈاکٹر عمران ارشد نے بتایا کہ یو اے ایف اور چین کے درمیان 40 مفاہمتی یادداشتیں ہیں، جبکہ 87 اساتذہ چین سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ انڈرگریجویٹ سطح پر چینی زبان کا کورس بھی متعارف ہے ۔