فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،ایک ڈیری شاپ اور فارم سیل
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معیاری خوراک کی فراہمی اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کیا۔
نشاط آباد میں ایک ڈیری شاپ اور ایک ڈیری فارم کو مارجرین کا سیمپل فیل ہونے پر سیل کر دیا گیا۔ مکوآنہ بائی پاس پر واقع ایک معروف برانڈ کے گودام میں فوڈ گریڈ، نان فوڈ گریڈ اور ایکسپائر اشیا اکٹھی پائی گئیں، ریکارڈ، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہ تھے ۔ پروسیسنگ ایریا میں ناقص صفائی، حشرات کی موجودگی، گندے فریزر، ٹوٹے فرش، کھلی ٹوکریاں اور زنگ آلود ریکس دیکھ کر گودام کو 5 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔جڑانوالہ روڈ پر ایک معروف ریسٹورنٹ کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران 3 ہزار کلو کارن پروڈکٹس، ایک من سے زائد مارجرین اور دیگر ناقص اشیا تلف کر دی گئیں۔فوڈ اتھارٹی حکام نے کہا کہ غیر معیاری خوراک تیار یا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔