نصرت فتح علی خان ہسپتال میں سنگین بے ضابطگیاں ، کروڑوں روپے غیر شفاف طریقے سے خرچ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نصرت فتح علی خان ہسپتال فیصل آباد کے مالیاتی امور میں سنگین بے ضابطگیاں، قواعد کی خلاف ورزی کرتے کروڑوں روپے کی رقوم غیر شفاف طریقے سے خرچ کی گئیں۔
آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے ناصرف حکومتی خزانے پر غیر ضروری بوجھ ڈالا بلکہ مالی نظم و ضبط کو بھی نظر انداز کیا۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق2023-24کے دوران ہسپتال انتظامیہ نے بقایا جات ادائیگی نہ کرکے سرکاری خزانے پر 3عشاریہ 246ملین روپے کا بوجھ بنایا۔ 3عشاریہ 308ملین روپے کے ٹھیکے ایسے کنٹریکٹرز کو دیئے گئے جن سے نہ تو کارکردگی کی ضمانت لی گئی اور نہ ہی سٹامپ ڈیوٹی جمع کرائی گئی، ملازمین کو تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں 4 عشاریہ 939ملین روپے کی غیر قانونی ادائیگیاں کی گئیں۔ ادویات خریداری میں بھی بے ضابطگیاں ریکارڈ پر آئیں، مارکیٹ ریٹ سے زائد قیمتوں پر زیروعشاریہ 249ملین روپے کی ادویات خریدی گئیں۔ لوکل پرچیز ادویات خریداری میں 9عشاریہ 748 ملین روپے کے غیر شفاف اخراجات سامنے آئے ۔ آڈٹ حکام نے ان بے ضابطگیوں پرسفارش کی ہے کہ فوری تحقیقات کرکے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور غیر قانونی خرچ رقوم سرکاری خزانے میں واپس جمع کرائی جائیں۔ شہریوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مالی شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔