گورنمنٹ ہائی سکول شورکوٹ ، شجرکاری مہم کی تقریب
شورکوٹ (نمائندہ دنیا) گورنمنٹ ہائی سکول شورکوٹ میں محکمہ جنگلات کے زیرِ اہتمام شجرکاری مہم کے سلسلے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی سابق ایم پی اے چودھری خالد غنی تھے ۔
انہوں نے سکول کے احاطے میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ یہ مہم وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت صوبہ بھر میں جاری ہے ، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور سرسبز و شاداب پنجاب کا قیام ہے ۔تقریب سے خطاب میں چودھری خالد غنی نے کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی بہتری اور وطن سے محبت کا عملی اظہار ہے ۔ ہر شہری کو چاہیے کہ اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لے تاکہ آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان مل سکے ۔اس موقع پر ہیڈ ماسٹر میاں غضنفر عباس کاٹھیہ، رینج فاریسٹ آفیسر محمد وقاص شاہ، سابقہ پرنسپل پروفیسر سلیم اختر و محمد اشفاق، بلاک آفیسرز محمد منظور حسین، ناصر علی سہو، محمد جاوید اقبال اور متعدد فاریسٹ گارڈز و طلبہ نے بھی پودے لگائے ۔ محکمہ جنگلات کے مطابق مہم کے دوران ہزاروں پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جس کی تکمیل میں مقامی آبادی اور تعلیمی اداروں کا کردار قابلِ تحسین ہے ۔