رجانہ:متعدد آبادیوں میں گٹروں کا پانی جمع،جینامحال
رجانہ(نمائندہ دنیا)تربیلہ کالونی راجہ کالونی محلہ امیر ملت اور ملحقہ دیگر آبادیوں میں ناقص نکاسی آب اور عدم توجہ پرگٹروں کا پانی گلیوں میں پھیل گیا جس نے زندگی عذاب بنا دی۔
گندہ پانی جمع ہونے سے بدبو، مچھروں کی بھرمار اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا جبکہ پیدل چلنا اور گاڑیوں کی آمدورفت تقریباً ناممکن ہو چکی ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود انتظامیہ کی خاموشی سنگین ناانصافی ہے دوسری جانب مقامی طور پر بنائی گئی واٹر ڈسپوزل کمیٹی کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ہم صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، بہت جلد اس پریشانی کو حل کر دیا جائے گا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر نکاسی آب کے مؤثر اور دیرپا انتظامات کیے جائیں ۔