آئی ایم ایف سے نجات قوم کی حقیقی آزادی ہو گی :محبوب الزماں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹریٹ المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ۔۔۔
ہمیں بطور قوم عہد کرنا ہوگا کہ علاقائی، صوبائی، مذہبی، لسانی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہو کر ایک متحد قوم کی صورت دنیا میں پاکستان کی ساکھ قائم رکھیں۔انہوں نے کہا کہ قومی وحدت اور اتحاد ہی وہ قوت ہے جس کے ذریعے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور وطنِ عزیز کو قائداعظم کی سوچ اور امنگوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ 78 سال سے اقتدار پر قابض حکمرانوں نے بے مثال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کے بعد حاصل کیے گئے پاکستان کو آج بھی حقیقی آزادی سے محروم رکھا ہے ۔پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ اس یومِ آزادی پر قوم کو نئے جذبے اور عزمِ نو کے ساتھ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے اور حقیقی آزادی کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف سے نجات ہی قوم کو حقیقی آزادی دلائے گی۔