چنیوٹ:ڈی پی او عبداللہ احمد کی جامع مسجد امیر حمزہ میں کھلی کچہری
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
ڈی پی او عبداللہ احمد نے جامع مسجد امیر حمزہ لاہور روڈ چنیوٹ میں نماز جمعہ کے بعد کھلی کچہری لگائی، جس میں ڈی ایس پی سرکل سٹی شعیب خان، دیگر افسروں اور نمازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ شکایت سیل کو درخواستوں کی فالو اپ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ شرکا کو پولیس کی عوام دوست خدمات اور بہتر پبلک سروس ڈیلیوری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ڈی پی او عبداللہ احمد نے کہا کہ مسجد میں لوگوں کے مسائل سننا سنتِ نبوی ﷺ ہے ۔ اس اقدام کا مقصد عوام کے پاس جا کر ان کے مسائل سننا اور حل کرنا ہے ۔ انہوں نے محرم الحرام میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اہل علاقہ نے مساجد میں کھلی کچہریوں کے اقدام کو سراہا اور پولیس کے عوام دوست رویے پر اطمینان کا اظہار کیا۔