کیٹل مارکیٹ کمپنی ٹھیکیداروں سے واجبات لینے میں ناکام
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی انتظامیہ مویشی منڈیوں کے ٹھیکیداروں سے کروڑوں روپے کے واجبات وصول کرنے میں ناکام ہو گئی۔
لیوی، پارکنگ فیس سمیت دیگر مدات میں 23 کروڑ 46 لاکھ 21 ہزار روپے کی وصولی ممکن نہ ہو سکی، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ 2025 میں مالی سال 2022-23 کے آڈٹ میں یہ انکشاف ہوا کہ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی عید قرباں پر لگنے والی مویشی منڈیوں میں ٹھیکیداروں سے واجبات کی مد میں بھاری رقوم وصول کرنے میں ناکام رہی۔ رپورٹ کے مطابق جانوروں کے لیوی اور پارکنگ فیس کی مد میں سب سے زیادہ 21 کروڑ 29 لاکھ 33 ہزار روپے وصول نہ ہو سکے ، جبکہ چارہ فروشی سے 1 کروڑ 46 لاکھ 58 ہزار، جرمانوں کی مد میں 12 لاکھ 55 ہزار، ہوٹل کرایہ جات سے 15 لاکھ 4 ہزار، اور دیگر اسٹالز سے بھی لاکھوں روپے تاحال بقایا ہیں۔آڈٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ نہ صرف واجبات کی ریکوری کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے بلکہ متعلقہ ذمہ داران کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی بھی نہیں کی گئی۔ کمپنی کی انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹھیکیداروں سے صرف 11 لاکھ 34 ہزار روپے کی وصولی ممکن ہو سکی جبکہ بورڈ نے 74 لاکھ 12 ہزار روپے رعایت کے طور پر چھوڑ دیے ۔ تاہم آڈٹ حکام نے اس وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واجبات کی مد میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی۔