ضلع کے بیشترمراکز صحت بجلی کے متبادل نظام سے محروم،لوڈشیڈنگ میں مریضوں کا علاج کٹھن
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بیشتر بنیادی مراکز صحت بجلی کے متبادل نظام سے محروم، لوڈ شیڈنگ کی صورت میں مریضوں کا علاج معالجہ اور عملے کا ڈیوٹی کرنا کٹھن ہوگیا۔
ضلع کے بیشتر بنیادی مراکز صحت میں بجلی کا متبادل نظام نہ ہونے کے باعث علاج معالجہ کا عمل شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ ان مراکز میں جنریٹرز یا سولر سسٹم نصب نہیں کیے گئے ، جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دوران مریضوں کو اندھیرے اور حبس زدہ ماحول میں طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ جہاں مریضوں کی حالت مزید بگڑنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ، وہیں عملے کو بھی فرائض کی انجام دہی میں شدید دشواری پیش آتی ہے ۔ شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیے گئے مراکز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی نہ ہونا ناقابلِ قبول ہے ۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عمر نواز چٹھہ کا کہنا ہے یو پی ایس کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔