تعلیمی بورڈ فیصل آباد2سال سے مستقل چیئرمین سے محروم

تعلیمی  بورڈ  فیصل آباد2سال  سے  مستقل  چیئرمین  سے  محروم

فیصل آباد (بلال احمد سے )تعلیمی بورڈ فیصل آباد گزشتہ دو سال سے مستقل چیئرمین سے محروم ہے ، اور دفتری امور میں تعطل معمول بن چکا ہے ۔ فائلوں کی منظوری اور واجبات کی ادائیگی سمیت سینکڑوں ملازمین کے کیسز رکے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مستقل سربراہ کی عدم موجودگی کے باعث فائلوں کی منظوری، واجبات کی ادائیگی، ملازمین کی پروموشن، تبادلے اور دیگر انتظامی معاملات التوا کا شکار ہیں۔ زیرِ التوا فائلوں کی تعداد سینکڑوں میں پہنچ چکی ہے ، جن میں اساتذہ کے تبادلے ،پنشن کیسز اور امتحانی نتائج کی توثیق جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔پنجاب بھر کے امتحانی مراکز اور اسکولوں سے موصول ہونے والی سمریاں اور دیگر ضروری کاغذات بھی بروقت منظور نہ ہونے کے باعث مسائل بڑھا رہے ہیں۔ چیئرمین کے دستخط کے بغیر کئی مالیاتی امور، بورڈ اجلاس اور پالیسی فیصلے ممکن نہیں، جس سے طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ اور اسناد کے اجرا میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ملازمین نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر مستقل چیئرمین تعینات نہ کیا گیا تو ادارے کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوگی اور امتحانی و انتظامی نظام مفلوج ہو جائے گا۔ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے صدر ثاقب علی، جنرل سیکرٹری محمد نسیم گجر اور دیگر عہدیداران نے حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقل چیئرمین کی تعیناتی فوری یقینی بنائی جائے تاکہ تعلیمی و انتظامی امور معمول کے مطابق چل سکیں اور طلبہ و ملازمین کے مسائل کا جلد از جلد خاتمہ ہو سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں