پی ٹی آئی عوام کومشکلات سے نہیں نکالنا چاہتی،خلیل طاہر
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر خلیل طاہر سندھو ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ پاکستان دہشتگردی اورسیلاب کی زدمیں ہے جبکہ پی ٹی آئی اپنی ضدپر اڑی ہوی ہے اسے ملک اور عوامی مشکلات سے نکالنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
گالم گلوج اورلوگوں کی پگڑیاں اچھالنا سیاست نہیں بلکہ سیاسی کمزوری ہے جو پی ٹی آئی کے گلے پڑچکی ہے اس نے جمہوری اورقانونی طریقے کونہیں سوشل میڈیا کوہتھیار بنارکھاہے ۔9مئی واقعات میں ملوث ملزموں کو ملنے والی سزا اور بانی کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی ارکان نے کمیٹیوں سے استعفے دیئے مگر دعوئوں کے باوجود اسمبلیوں سے استعفے نہیں دینگے اورضمنی الیکشن کا بائیکاٹ بھی نہیں کرینگے ، آ زاد الیکشن لڑینگے مگر کامیاب مسلم لیگ ن کے امیدوار ہونگے ۔ان کاکہناتھاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت میں پاک افواج کے جوانوں نے جانوں کے نذرانے دے کر دہشتگردی کا مقابلہ کیااب نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم شہباز شریف اوروزیراعلیٰ مریم نواز سیلاب متاثرہ علاقوں میں ٹیم کے ساتھ خود متحرک ہوکر سیلاب متاثرین کومشکلات سے نکالنے میں مصروف ہیں ،مریم نواز نے نقصانات کے ازالے کابھی وعدہ کیا ہے گھروں اور فصلوں کے نقصانات پر اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔