فوڈ بزنس آپریٹرزکیلئے معیاری خوراک سے متعلق آگاہی مہم
چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ(ڈسٹرکٹ رپورٹرز)پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی طرف سے ضلع بھر میں فوڈ بزنس آپریٹرزکو خوراک کی حفاظت اور معیار کے حوالے سے آگاہی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر قاسم رضا نے بتایا کہ خوراک کی صفائی،حفظان صحت کے اصولوں،گٹکا اور مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کے استعمال پر پابندی،فوڈ پوائزننگ سے بچاؤ،کنٹرول کے طریقہ کار اورذاتی حفظان صحت کے معیار سے متعلق رہنمائی فراہم کی جارہی ہے ۔فوڈ اتھارٹی کی جانب سے آگاہی پیغامات پر مشتمل پینافلیکس/بینرز بھی تقسیم کئے گئی تاکہ دکاندار اپنی دکانوں پر آویزاں کریں اور صارفین بھی اس سے آگاہی حاصل کر سکیں۔ٹو بہ ٹیک سنگھ میں میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق کی زیر نگرانی ٹیموں نے گوشت فروشوں، کریانہ سٹورز اور عوام میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔فوڈ بزنس آپریٹرز نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت مند خوراک کی فراہمی کے لئے یہ اقدامات نہایت اہم اور قابلِ تعریف ہیں۔