ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کی ایک ہی روز 3 کھلی کچہریاں
ڈی پی او آفس چنیوٹ، تھانہ چناب نگراور تھانہ لالیاں میں شہریوں کے مسائل سنے پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے :ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ ،لالیاں(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا) ڈی پی اوچنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف کا شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری،گزشتہ روز ڈی پی او آفس چنیوٹ، تھانہ چناب نگر اور تھانہ لالیاں میں کھلی کچہریوں کو انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے اپنے آفس میں کھلی کچہری کا انعقا دکیا اور لوگوں کے مسائل سنے ،درخواستیں متعلقہ افسر وں کو مارک کرکے مختص کردہ ٹائم میں داد رسی یقینی بنانے اورکمپلینٹ سیل افسروں کو فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
اس موقع پر ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فیلڈ افسر وں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں آنے والے شہریوں کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آکر ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے ۔دفاتر،تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمہ کیلئے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے تھانہ چناب نگر اور تھانہ لالیاں میں بھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا اوراس دوران لوگوں کے مسائل سن کر حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کر دیئے۔
اس موقع پر ڈی پی او چنیوٹ نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مستحکم کرنا ہے ،لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے کیلئے ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا ،سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریاں لگا رہے ہیں،اب عوام کو پولیس دفاتر اور تھانوں میں پولیس سروسز کے حصول کیلئے بہترین ماحول میسر ہے ،امن و امان کے قیام کیلئے قانون کی بالا دستی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔