باغ جناح میں تین روزہ ونٹر فیملی فیسٹیول شروع
پھولوں کی شاندار نمائش، مختلف اداروں نے سٹالز لگائے، آتش بازی کا مظاہرہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر،سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ثقافت کے فروغ اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ‘‘میرا سوہنا فیصل آباد’’ پروگرامز کا آغاز ہو گیا۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی کے زیر اہتمام باغ جناح میں تین روزہ ونٹر فیملی فیسٹیول شروع ہو گیا۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے فیسٹیول کا افتتاح کیا۔
فیسٹیول میں پھولوں کی شاندار نمائش، مختلف اداروں کے سٹالز اور فیملیز کیلئے تفریح کے مواقع موجود ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد کی باغ جناح میں آمد ،کمشنر نے سٹالز کا وزٹ کیا اور ونٹر فیسٹیول کے شاندار آغاز پر پی ایچ اے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کیلئے آنے والے دنوں میں مزید تفریحی سہولیات کا اہتمام کیا گیا ہے ،فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔